Saturday, October 07, 2006

سموسے


ہمارے یہاں سَمُوسَہ کا تلفّظ samosa کی بجائے samoosa کیا جاتا رہا ہے۔ البتّہ یہ معلوم نہیں کہ آیا یہ ہمارے یہاں کا خاصّہ تھا یا یہی صحیح تلفّظ ہے۔ دوسری اہم بات یہ کہ ہمارے یہاں سموسے سے مراد گوشت کا قیمہ بھرے سموسے لی جاتی تھی چونکہ آلو وغیرہ بھرے سموسے ہمارے یہاں بنتے نہیں تھے۔
خیر مجھے بچپن ہی سے سموسے بہت پسند رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ میں نے اپنی والدہ سے ان کی ترکیب سن کر لکھ رکھی ہے۔ آج افطار میں ایک دوست مدعو تھے، سوچا انہیں اپنے ہاتھ کے بنے سموسے چکھاؤں۔

ترکیب جو میں نے اردو میں لکھ رکھی ہے، ملاحظہ ہو؛

اجزاء
٢ پیاز، ١ پاؤ گوشت کا قیمہ، مونگ پھلی یا سورج مکھی کا تیل، ٹِھیسَہ، پسی ہوئی ہلدی، پسا ہوا دھنیہ، نمک، سَمار اور مَیدہ

تشریح
سَمار: ہرا دَھنیہ ہمارے یہاں سمار کہلاتا ہے۔
ٹھیسہ: تازی ہری مرچیں، لہسن کی چند کونپلیں، معمولی مقدار میں زیرہ اور سمار کو جب ٹھیس (یعنی پیس) لیا جاتا ہے تو وہ ٹھیسہ کہلاتا ہے۔

احتیاط
پیاز چوکور/چوکون( یعنی مربع نما) کاٹ لیں، خیال رہے کہ اتنی باریک نہ ہو کہ پکنے میں مرجائے۔
گوشت کا قیمہ مِکسر میں نہ بنائیں بلکہ قصاب کی چُھری یا مشین سے کروائیں۔

ترکیب
تیل گرم کرکے اسمیں پیاز بھونیں، لیکن سرخ نہ ہونے دیں۔ پیاز جوں ہی نرم ہونے لگے اسمیں ٹھیسہ شامل کرلیں اور بھونیں۔ اب پسی ہلدی اور پسا دھنیہ بھی مناسب مقدار میں بھوننے میں شامل کرلیں۔
پھر اسمیں قیمہ اور اس پر نمک ڈال کر چمچے سے ہلاتے ہوئے بھوننا جاری رکھیں۔ اب اس آمیزہ کو ڈھانک کر قیمہ گلنے تک (قریباً دس منٹ) پکنے دیں۔ اب سمار کاٹ کر اس میں ڈالیں اور ڈھانک کر مزید پانچ منٹ پکالیں۔ لیجئے لذیذ سموسوں کا پیش خیمہ یعنی قیمہ تیار ہے۔

اب میدہ میں حسبِ ذائقہ نمک ملاکر سخت گوندھ لیں۔ پھر اسکی نہایت پَتلی روٹیاں بِیل کر چاقو سے ہر روٹی کو چار مثلّث نما(pie) حصّوں میں (دائرہ کے قُطر کے مساوی دو خطوط جب ایک دوسرے کو دائرہ کے مرکز پر زاویہ قائمہ بناتے ہوئے قطع کرتے ہیں تو یہی ہوتا ہے) کاٹ لیں۔ ہر حصّے سے ایک سموسہ تیار ہوگا۔ اب ہر حصّے پر اوپر تیار کردہ قیمہ ٢ یا ٣ چمچے رکھ کر ایک خاص ترتیب سے تہہ کرلیں۔ لیجئے ادھ پکے سموسے تیار ہیں۔

اب کڑھائی میں تیل گرم کرکے اسمیں تین تین یا چار چار سموسے بیک وقت تلیں۔ آنچ دھیمی ہو تو سموسے تیل پیتے ہیں، آنچ تیز ہو تو اوپر سے جلنے لگتے ہیں اور اندر کچّے رہ جاتے ہیں، اسلئے میانہ روی لازمی ہے۔

افطار کا وقت ہوچلا ہے، یہ سموسے کھجور کے ساتھ بڑی لذّت دیں گے۔

3 Comments:

At 11:44 PM , Blogger افتخار اجمل بھوپال said...

بھئی واہ آپ نے تو واقعی سموسہ تيار کر ديا ليکن ميرا اس وقت روزہ ہے افطار پر چکھ کے بتاؤں گا کہ ذائقہ کيسا ہے ۔

بہار ميں سموسہ کو سمبوسہ يا سمبوچہ کہتے ہيں ۔ سمُوسہ ميں نے پہلی بار سنا ہے ۔ آپ کونسے علاقہ کی بات کر رہے ہيں ؟

 
At 10:46 AM , Blogger urdudaaN said...

شکریہ محترم
میرا اشارہ برار(جو نظام ریاست میں ہوتا تھا اور اب ریاستِ مہاراشٹر میں ہے) کی جانب تھا۔

 
At 3:10 AM , Blogger افتخار اجمل بھوپال said...

بھئی ميں ان پڑھ آدمی ہوں ۔ مجھے نہيں معلوم کہ برار يا مہاراشٹر کہاں ہے ۔ مجھے کسی مشہور شہر کا نام ليکر بتائيے کہ برار اس کے مغرب مشرق شمال يا جنوب ميں ہے ۔

دوسرے يہ بھی بتائيے کہ بندے ماترم يا وندے ماترم کا مطلب کيا ہے ۔

مجھے آپ کا ای ميل ايڈرس نہيں ملا

 

Post a Comment

Subscribe to Post Comments [Atom]

<< Home