Friday, January 20, 2006

نا پسندیدہ صفحہ

کہیں اردو اخبارات زیر ِ بحث تھے۔
کسی نے کہا "اردو اخبارات میں سب سے ذیادہ نا پسندیدہ صفحہ فلمی ھوتا ھے"
وجہ ِ اعتراض پوچھی گئی تو جواب مِلا "فلمیں دیکھنا فحاشی ھے اور حرام بھی، تو پھر ایک اردو اخبار میں ان کا ذکر بھی کیوں؟"

بہتیرے اِس خیال سے متّفق ھوئے، کچھ نے نظر انداز کیا کیونکہ وہ تو صرف انگریزی اخبارات کے شیدائی تھے، علاوہ حضرات سوچ میں پڑ گئے۔

لیکن ایک شخص کسی اور ھی فکر میں تھا۔
اس شخص نے پوچھا "آپ میں سے کون حضرات اپنے بچّوں کو بہتر انگریزی سیکھنے کیلئے اخبارات پڑھنے کی تلقین نہیں کرتے؟"
کوئی جواب نہ مِلا۔ سبھی حضرات بخوبی جانتے تھے کہ انگریزی میں روانی حاصل کرنے کیلئے انگریزی اخبارات ایک اچھا ذریعہ ھیں۔
دوسرا سوال کیا "کیا آپ مانتے ھیں کہ ھندوستانی فلمیں دراصل اردو فلمیں ھوتی ھیں؟"
جواباً سب نے اثبات میں سر ھلایا۔
تیسرا سوال تھا "کیا سچ مچ آپ سبھی کے یہاں فلمیں مطلق دیکھی نہیں جاتیں؟"
جواباً سب ایک دوسرے کا منہ تکنے لگے۔ انہیں فلموں پر اعتراض تو تھا لیکن اہلیہ، بچوں و دیگر افراد ِ خانہ کی خوشی کی خاطر وہ اِس اصول میں ڈھیل برتتے تھے۔

اب اس شخص کے مزید کچھ کہنے کی ضرورت باقی نہ رہی تھی۔ سب مان چکے تھے کہ یہ خیال اردو اخبارات پرذیادتی ھے، جن اخبارات کی بدولت فلموں کے زباں زد نام صحیح اردو میں دیکھنے مل جاتے ھیں۔
جب انگریزی سیکھنے کی خاطر اُن اخبارات کی ساری بے حیائیاں، ریشہ دوانیاں اور کوتاہیاں معاف کی جاتی ھیں تو اردو زبان کے معاملہ میں الٹا رویّہ کیوں!

مذہب کی ذمّہ داری غیر ضروری طور پر اردو اخبارات پر کیوں لادی جائے اور وہی ذمّہ داری انگریزی کی خاطر کیوں نظر انداز کی جائے؟ یہ منافقت نہیں ھے کیا؟

1 Comments:

At 10:55 AM , Anonymous Anonymous said...

منافقت ہی ہے
اللہ ذہنی غلامی سے بچائے۔

 

Post a Comment

Subscribe to Post Comments [Atom]

<< Home